پی سی بی کا چار کرکٹرز کو لیگز کیلئے این او سی دینے کا فیصلہ

01-18-2024

(لاہور نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے قومی سکواڈ میں شامل چار کھلاڑیوں کو لیگز کے لیے این او سی دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق شاہین آفریدی ،بابراعظم، محمد رضوان اور وسیم جونیئر کو لیگز کھیلنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، باضابطہ اعلان کے بعد چاروں کرکٹرز نیوزی لینڈ سیریز کے بعد لیگز کے لیے روانہ ہو جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق ٹی 20 کپتان شاہین آفریدی کا آئی  ایل ٹی 20 کے ساتھ معاہدہ ہے، بابر اعظم، محمد رضوان اور وسیم جونیئر کے بی پی ایل میں معاہدے ہیں۔ دوسری جانب  ذرائع کا کہنا ہے کہ فخر زمان اور اعظم خان کو لیگز کے لیے تاحال اجازت نہیں ملی،اعظم خان اور فخر زمان دو لیگز مکمل کر چکے ہیں، سینٹرل کنٹریکٹ کے مطابق کرکٹرز سال میں دو لیگز کھیل سکتے ہیں۔ ذرائع نےمزید بتایا ہے کہ کرکٹرز کو لیگز کے لیے اجازت کیس ٹو کیس بنیاد پر دی جا رہی ہے، سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل کرکٹرز کو معاہدے کی شقوں کے مطابق اجازت دی جا رہی ہے۔