شہر کے 5مقامات پر انٹرسیکشنز کی تعمیروتوسیع کا کام85فیصدمکمل

01-18-2024

(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت کے 5 مقامات پر انٹرسیکشنز کی تعمیر وتوسیع کا کام 85 فیصد مکمل کر لیا گیا، نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی 30جنوری کو انٹرسیکشنز کا افتتاح کریں گے۔

شہر میں ٹریفک روانی بہتر بنانے کے منصوبے میں بڑی پیش رفت ہوئی ہے، ٹیپا کی جانب سے شہر لاہور کا ٹریفک کاؤنٹ اور مسائل کا  سروے مکمل ہوگیا،  ٹریفک  مسائل کے حل کے لیے5 انٹر سیکشنز کی تعمیر وتوسیع  کا  کام  تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔  قادر توباش چوک خیابان جناح، کھوکھر چوک اور عبدالحق روڈ کی بحالی   کا   کام تکمیل کے قریب ہے، گجومتہ چوک فیروز پور روڈ اور  جوڑے پل ضرار شہید روڈ کی بحالی بھی اسی  ماہ کے آخر میں مکمل ہوگی۔ اسی طرح  شملہ ہل جنکشن اور نشتر چوک فیروز پور روڈ  پر ٹریفک روانی کو بہتر بنا دیا گیا ہے۔ شہر کے  5 انٹر سیکشنز پر ٹریفک جام رہنا سموگ کا باعث  بھی بن رہا تھا جن کی بحالی کیلئے لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی  گورننگ باڈی نے ایک ارب 60 کروڑ 74 لاکھ روپے کے فنڈز کی منظوری دی  تھی، تمام پراجیکٹس پر ٹیپا کی طرف سے کام تیزی سے جاری ہے۔