ایران سے کشیدگی : مغربی سمت سے آنیوالی تمام پروازوں کی مانیٹرنگ شروع

01-18-2024

(ویب ڈیسک) ایران سے کشیدگی کے بعد پاکستان نے ایران سمیت مغربی سمت سے آنے والی تمام پروازوں کی مانیٹرنگ شروع کر دی۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ مغربی سرحدوں پر ہر فضائی سرگرمی کو مانیٹر کیا جا رہا ہے، مغرب سے آنے والی تمام پروازوں سے متعلق الرٹ رہنے کی ہدایت ہے۔ ذرائع کے مطابق سی اے اے کو مغرب سے پاکستانی حدود میں آنے والی تمام پروازوں کی سخت مانیٹرنگ کی ہدایات دی گئی ہیں، ایئر ٹریفک کنٹرول کو ایران سمیت تمام مغربی پروازوں کی تفصیلات اکٹھی کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔ ذرائع سی اے اے کا کہنا ہے کہ اس سے پہلے مغرب کی طرف سے پاکستان آنے والی پروازوں کی مانیٹرنگ نہیں ہوئی، پاکستان اور ایران کی فضائی حدود کمرشل پروازوں کے لیے کھلی ہے۔ سی اے اے کے ڈی جی خاقان مرتضیٰ نے کہا ہے کہ ایران کے لیے پاکستانی فضائی حدود بند کرنے کے حوالے سے ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا، فضائی حدود بند کرنے کی حکومت سے کوئی ہدایت نہیں ملی، صورتحال کو غور سے مانیٹر کر رہے ہیں۔