پاکستان کی آئی ٹی ایکسپورٹ میں ریکارڈ 22 فیصد اضافہ

01-18-2024

(ویب ڈیسک) نگران وفاقی وزیر آئی ٹی ڈاکٹر عمر سیف نے بتایا ہے کہ ملکی آئی ٹی برآمدات میں ریکارڈ اضافہ ہوگیا۔

انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ حکومتی پالیسیوں کی بدولت دسمبر میں آئی ٹی ایکسپورٹ میں ریکارڈ اضافہ ہوا، نومبر میں 13 فیصد رہنے کے بعد دسمبر میں آئی ٹی ایکسپورٹ 22 فیصد اضافے سے 303 ملین ڈالرز رہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 50 فیصد ڈالر رکھنے کی سہولت، ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم، فری لانسرز کیلئے سہولیات اس اضافے کی بنیادی وجوہات ہیں۔ ڈاکٹر عمر سیف کا کہنا تھا کہ آئی ٹی انڈسٹری کیلئے سہولیات پر وزیراعظم، خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے شکر گزار ہیں، ہماری پالیسیوں کا مقصد آئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹر کا فروغ اور ملکی معیشت کو استحکام دینا ہے۔ عمرسیف نے زور دیا کہ یہ صرف آغاز ہے، جلد بڑے نتائج آئیں گے، 10 ارب ڈالرز کا ہدف بھی پورا ہوگا، اپنی اصلاحات سے آنے والی حکومت کیلئے آئی ٹی انڈسٹری کے فروغ کا راستہ بنا دیا ہے۔ چیئرمین پاشا زوہیب خان نے آئی ٹی ایکسپورٹ میں اضافے پر وزیر آئی ٹی، ایس آئی ایف سی، آئی ٹی انڈسٹری کو مبارکباد پیش کی۔