پاک کیویز ٹاکرے: سٹیڈیم آنے والے شائقین کو نئی تنبیہ

01-18-2024

(ویب ڈیسک) نیوزی لینڈ کرکٹ نے شاہینوں اور کیویز کے درمیان ہونے والے میچز سٹیڈیم میں دیکھنے آنے والے شائقین کو نئی تنبیہ جاری کردی۔

نیوزی لینڈ کرکٹ کے مطابق پاک نیوزی لینڈ ٹی 20 سیریز میں باؤنڈریز خاص طور پر چھکے بہت زیادہ لگ رہے ہیں، تماشائی میچ کے دوران گیند پر نظر رکھیں۔ اس حوالے سے کہا گیا ہے کہ نیوزی لینڈ کے بیٹر فن ایلن نے ڈنیڈن میں کھیلے گئے تیسرے ٹی 20 میچ میں 16 چھکے مارے، اس لیے فینز کو چوکس رہنا ہوگا۔ نیوزی لینڈ کرکٹ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ سٹیڈیم میں میچز دیکھنے والے گیند پر دھیان رکھیں تاکہ گیند کہیں آپ کو ہی نہ لگ جائے۔ اس سیریز سے متعلق مزید بتایا گیا ہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان چوتھا ٹی 20 میچ کل کرائسٹ چرچ میں کھیلا جائے گا جس کی تمام ٹکٹیں فروخت ہوچکی ہیں، چوتھے میچ کی آخری ساڑھے 8 ہزار ٹکٹیں آج صبح فروخت ہوئیں۔ یاد رہے کہ نیوزی لینڈ کو اس 5 میچز کی سیریز میں تین صفر کی فیصلہ کُن برتری حاصل ہے۔