اردو ادب کے درخشاں ستارے سعادت حسن منٹو کی آج 69ویں برسی

01-18-2024

(لاہور نیوز) اردو ادب کے درخشاں ستارے سعادت حسن منٹو کی آج 69ویں برسی منائی جارہی ہے۔

منٹو کا نام اردو ادب کی دنیا میں کسی تعارف کا محتاج نہیں، اردو زبان میں مختصرکہانیوں اورجدید افسانے کے منفرد اور بے باک مصنف سعادت حسن منٹو11 مئی 1912ء کو پنجاب ہندوستان کے ضلع لدھیانہ میں پیدا ہوئے،منٹو اپنے عہد کے ادیبوں میں انتہائی نمایاں شخصیت کے مالک تھے۔ سعادت حسن منٹو نے منفرد موضوعات پر قلم اٹھا کر نہ صرف اپنے عہد میں ہلچل مچائی بلکہ اردو ادب  کیلئے ایک انمول خزانہ بھی چھوڑ گئے۔ معاشرے کو اس کی اپنی ہی تصویر دکھانے والے عکّاس کو اس  بے ساختگی پرجو تازیانے کھانے پڑے وہ ایک ان مٹ داستان ہے۔ منٹو کے مضامین کا دائرہ معاشرتی تقسیمِ زرکی لاقانونیت اور تقسیمِ ہند سے قبل اور بعد میں ہونے والی انسانی حقوق کی پامالی رہا،ان کے تحریر کردہ افسانوں میں سیاہ حاشیے، لاؤڈ سپیکر، گنجے فرشتے،اورنمرود کی خدائی بے پناہ مقبول ہوئے۔ اپنی عمرکے آخری سات سال منٹو دی مال لاہور پرواقع بلڈنگ دیال سنگھ مینشن میں مقیم رہے،18 جنوری 1955 ءکی ایک سرد صبح ہند و پاک کے تمام اہلِ ادب نے یہ خبر سنی کہ اردوادب کوتاریخی افسانے اور کہانیاں دینے والا منٹو خود تاریخ کا حصہ بن چکا ہے۔ سعادت حسن منٹو کی پچاسویں برسی پرحکومتِ پاکستان نے ان کی یاد میں پانچ روپے مالیت کا ڈاک ٹکٹ بھی جاری کیا۔