بھارت کی پاکستان مخالف فلم پرپاکستانی ستارے بھی سیخ پا،بالی ووڈ اداکاروں پر تنقید

01-17-2024

(ویب ڈیسک) پاکستان کے خلاف بالی ووڈ فلم ’فائٹر‘ بنانے پرپاکستانی شوبز ستاروں نے بھارتی اداکارہ دیپیکا پڈوکون اور اداکارہریتھک روشن کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔

رپورٹ کےمطابق بالی ووڈ کی نئی آنے والی فلم ’فائٹر‘ کا ٹریلر ریلیز ہوگیا ہے،3  منٹ سے زائد دورانیےکے ٹریلر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پلوامہ حملے کے بعد انڈین فضائیہ پاکستان کے خلاف ایک آپریشن کا منصوبہ بناتی ہے  جبکہ  فلم میں حقائق کو توڑ موڑ کر بھی  دکھایا گیا ہے۔ فلم میں ہریتھک روشن اور دیپیکا پڈوکون انڈین فضائیہ کے اسکواڈرن لیڈر کا کردار ادا کررہے ہیں جبکہ انیل کپور کمانڈنگ آفیسر کے روپ میں نظر آئیں گے۔پاکستان کےخلاف بنائی گئی اس فلم کا ٹریلر دیکھ کر پاکستانی عوام اور شوبز شخصیات غصے سے آگ بگولا ہوگئے ہیں۔ اس حوالے سے معروف پاکستانی اداکارہ و ماڈل ہانیہ نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں کہا کہ یہ جان کر بہت دکھ اور افسوس ہوا کہ آج کے دور میں بھی ایسے فنکار موجود ہیں جو آگے بڑھ کر دونوں ممالک کے درمیان اختلافات کو مزید ہوا دیتے ہیں۔ہانیہ عامر نے کہا کہ “مجھے ان فنکاروں پر افسوس ہوتا ہے جو سکرین  کا استعمال نفرت کو پھیلانے کے لیے کر رہے ہیں، یہ انتہائی ناگوار عمل ہے۔ دوسری  جانب زارا نور عباس نے فلم ’فائٹر‘ کے ٹریلر کو گالی دیتے ہوئے کہا کہ میں پہلے اس فلم کی ریلیز کا انتظار کررہی تھی لیکن اب نہیں۔اداکارہ نے بھارتی اداکاروں کو کرارا جواب دیتے ہوئے کہا کہ “آؤ ذرا پاکستان پر قبضہ کرنے، چائے پلا پلا کر حساب لیں گے۔ واضح رہے کہ ’فائٹر‘ بنانے کا اعلان جنوری 2021 میں کیا گیا تھا اور اسے ستمبر 2022 کو ریلیز ہونا تھا لیکن کورونا وبا کے باعث اس میں تاخیر ہوگئی اور اب 25 جنوری 2024 میں اسے سینما گھروں کی زینت بنایا جائے گا۔