تیسرا ٹی20: اعظم خان کی انٹری پر ریسلر ’’بگ شو‘‘ کا گانا بجانے پر شائقین ناراض

01-17-2024

(ویب ڈیسک) نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں اعظم خان کی بیٹنگ کے دوران میدان میں انٹری کے وقت انتظامیہ نے معروف ڈبلیو ڈبلیو ای ریسلر بگ شو کا گانا بجا ڈالا۔

ڈیونیڈن میں ہونے والے سیریز کے تیسرے میچ میں میزبان ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 224 رنز بنائے، جواب میں قومی ٹیم محض 179 رنز بناکر ہمت ہار گئی اور یوں سیریز میں مسلسل تیسری شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ میچ کی دوسری اننگز کے دوران جب اعظم خان بیٹنگ کیلئے میدان میں آرہے تھے تو انتظامیہ نے بیک گراؤنڈ میوزک میں معروف ڈبلیو ڈبلیو ای ریسلر بگ شو کا گانا چلا دیا، جس پر کئی شائقین کرکٹ ناراض نظر آئے۔ سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر ویڈیو وائرل ہورہی ہے جبکہ مداح پاکستان کرکٹ بورڈ کو نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے ساتھ معاملہ اُٹھانے پر زور دے رہے ہیں۔ واضح رہے کہ اعظم خان بھاری جسمانی صحت کی وجہ سے متعدد بار ٹرول ہوچکے ہیں۔