رمضان ٹرانسمیشن میں علما کے ساتھ بیٹھ کر بہت سیکھتا ہوں: احسن خان

01-17-2024

(ویب ڈیسک) اداکار احسن خان کا کہنا ہے کہ رمضان ٹرانسمیشن میں علمائے کرام کے ساتھ بیٹھنے کی وجہ سے ان کی زندگی میں بہتری آئی ہے۔

اداکار احسن خان گزشتہ چند برسوں سے رمضان ٹرانسمیشن میں بطور میزبان فرائض انجام دے رہے ہیں۔ اب اس حوالے سے انہوں نے ایک پوڈ کاسٹ میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ٹرانسمیشن میں میرے پاس پروگرام کا سکرپٹ آتا ہے اور مجھے صرف علمائے کرام سے سوال کرنا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک میزبان، ایک مسلمان اور ایک طالب علم کی حیثیت سے میں علمائے کرام سے سوال کرتا ہوں کیونکہ سوال کرنا میرا حق ہے، میرے سوال کرنے سے میرے پروگرام کو دیکھنے والے عوام کو فائدہ ہوگا۔ احسن خان نے مزید کہا کہ میں 6 گھنٹے لائیو پروگرام کرتا ہوں، میری زبان سے کتنی بار اللہ کا نام نکلتا ہے، درود شریف پڑھتا ہوں اور نعت بھی پڑھتا ہوں، علم کی بات کرتا ہوں جو میرے حصے میں اللہ نے دیا ہے، اس میں میرا کوئی کمال نہیں یہ میرے رب کا فیصلہ ہے، یہ میری قسمت میں لکھا جاتا ہے۔ رمضان ٹرانسمیشن میں سیکھنے سے متعلق سوال پر اداکار نے کہا کہ میں علمائے کرام کے ساتھ بیٹھتا ہوں تو سیکھتا ہوں اور ان کی وجہ سے میری زندگی میں بہت بہتری آئی ہے۔