ووٹ کی طاقت سے نواز شریف کو دوبارہ اقتدار میں لائیں گے:عون چودھری

01-17-2024

(لاہور نیوز) این اے 128 سے استحکام پاکستان پارٹی اور مسلم لیگ ن کے مشترکہ امیدوار عون چودھری نے کہا ہے کہ ووٹ کی طاقت سے نواز شریف کو دوبارہ اقتدار میں لائیں گے۔

رہنما استحکام پاکستان پارٹی عون چودھری نے غوثیہ کالونی اور شادمان کے علاقوں میں کارنر میٹنگ میں شرکت کی، حلقے کے عوام کی جانب سے عون چودھری کا شاندار استقبال کیا گیا، پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔  عون چودھری نے شادمان میں تاجر رہنماؤں شیخ سلیم، شیخ سرفراز، جاوید احمد، شیخ ایوب اور شیخ فاروق سے بھی ملاقات کی، تاجر برادری نے عون چودھری کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عون چودھری نے کہا کہ عقاب اور شیر 2 نشان ہیں لیکن ویژن ایک ہے، نواز شریف ہمارے قائد ہیں، وہ اقتدار میں آئیں گے تو ملک ترقی کرے گا، ہم نے نفرت اور گالم گلوچ کی سیاست کو ختم کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کو صحت تعلیم اور بہتر روزگار سمیت تمام سہولتیں فراہم کرنا ہمارا مقصد ہو گا، ووٹ کی طاقت سے نواز شریف کو دوبارہ اقتدار میں لائیں گے، نواز شریف اور شہباز شریف کی وجہ سے لاہور اور پاکستان نے ترقی کی منازل طے کیں۔  عون چودھری نے مزید کہا کہ کراچی، حیدر آباد، لاڑکانہ سمیت پورے سندھ کی حالت ابتر ہے ، وہاں صحت ، تعلیم سمیت عوام کو کوئی سہولیت میسر نہیں۔