تیسرے ٹی 20 میں بابر کا چھکا، گیند شائق کے سر پر جا لگی، ویڈیو وائرل

01-17-2024

(ویب ڈیسک) نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے ٹی 20 میں قومی ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم کے چھکے پر گیند ایک شائق کے سر پر جا لگی۔

بدھ کے روز پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں 5 میچز پر مشتمل ٹی 20 سیریز کے تیسرے میچ میں مدمقابل تھیں جہاں میزبان ٹیم نے مہمان ٹیم کو 45 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-3 کی واضح برتری حاصل کی۔ کیویز ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 224 رنز بنائے جبکہ قومی ٹیم جواب میں مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 179 رنز بنا سکی۔ پاکستان کی جانب سے سابق کپتان بابراعظم نے 58 رنز کی اننگ کھیلی جس میں 8 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ بابراعظم کا چھکا میچ میں دلچسپ واقعہ کی وجہ بن گیا جب گیند باؤنڈری لائن کے پار سٹینڈ میں ایک شائق کے سر پر لگی جس کے نتیجے میں وہ زمین پر گر گیا۔ خیال رہے کہ متاثرہ شائق کیچ پکڑنے کی کوشش کر رہا تھا مگر اسے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ اس واقعہ پر بابراعظم کی جانب سے اظہار افسوس کیا گیا اور انہوں نے منظر دیکھنے کے بعد فوراً اپنا افسردہ تاثر دیتے ہوئے ہاتھ سر پر رکھ لیا۔ دوسری جانب اس واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہو رہی ہے اور مداحوں کی جانب سے بابراعظم کے ردعمل پر دلچسپ تبصروں کا سلسلہ جاری ہے۔  بابراعظم کا چھکا 69 میٹر کا تھا اور دلچسپ بات یہ بھی تھی کہ متاثرہ شائق کے پیچھے بیٹھے دوسرے شائق نے کیچ بھی پکڑا۔