باؤلنگ توقعات کے مطابق نہ کرسکے: شاہین شاہ آفریدی

01-17-2024

(ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے کپتان شاہین آفریدی نے کہا کہ نیوزی لینڈ نے ہم سے بہتر کھیل پیش کیا، بہت سی غلطیاں ہوئیں، خاص طور پر باؤلنگ توقعات کے مطابق نہ کرسکے، اس ٹیم میں صلاحیت ہے، وننگ کمبی نیشن تیارکرنے کے لیے کچھ وقت دینا پڑے گا۔

میچ کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ماضی کےنتائج کو دیکھ کر تینوں میچز میں ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ مشاورت سے کیا۔ اگر بولرز درست لائن و لینتھ پر باؤلنگ کرتے تو رزلٹ مختلف ہوتا، کیوی ٹیم اپنی کنڈیشنز پر خطرناک حریف ہے۔ مار کھانے کے باوجود شاہین شاہ آفریدی ایک بار پھر حارث رؤف کا دفاع کرتے نظر آئے، ان کا کہنا تھا کہ ان کے بولرز کو بھی رنز پڑے ہیں، میچ میں ایسا ہوتا ہے۔ کپتان نے صائم ایوب اور اعظم خان پر بھی اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی نوجوان کے لیے نیوزی لینڈ کی کنڈیشنز میں پرفارمنس مشکل ہوتی ہے، دونوں ہی بہت باصلاحیت ہیں، صائم ایوب مستقبل کا سٹار ہے، ہمیں ان کو سپورٹ کرنے کی ضرورت ہے۔ میچ فنش نہ کرنے پر شاہین نے بابراعظم پر تنقید کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بابراعظم نے تینوں میچز میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اگر انہیں ایک اینڈ سے سپورٹ ملتی تو وہ میچ ختم کرکے واپس آتے، بابر نے ثابت کیا ہے کہ انکی فارم بحال ہوچکی ہے۔