پاکستان کے نامورمصورعبدالرحمٰن چغتائی کی آج 49ویں برسی

01-17-2024

(لاہور نیوز) پاکستان کے نامورمصورعبدالرحمٰن چغتائی کی آج 49ویں برسی منائی جارہی ہے۔

نامور مصور عبدالرحمٰن چغتائی21 ستمبر1897ء میں لاہور کے کوچہ چابک سواراں میں پیدا ہوئے، 1914ء میں میو سکول آف آرٹس لاہور سے میٹرک کا امتحان پاس  کیا اور اس کے بعد استاد میراں بخش سے فنِ مصوری میں استفادہ کیا،پھر میو سکول میں ہی  تدریس کے پیشے سے منسلک ہوگئے۔ عبدالرحمٰن چغتائی کے تخلیق کردہ شاہکار نمونے اسلام آباد،لندن،امریکا،بھارت ،نیدر لینڈز اور بنکاک سمیت دنیا بھر کے معروف عجائب گھروں کی زینت بنے ہوئے ہیں، شاعر مشرق علامہ اقبالؒ،پکاسو اور ملکہ ایلزبتھ دوئم بھی ان کے مداح تھے۔ عبدالرحمٰن چغتائی کا فنِ مصوّری میں  جداگانہ اسلوب بعد میں چغتائی آرٹ کے نام سے مشہور ہوا،عبدالرحمٰن چغتائی نے پاکستان ٹیلی ویژن ،ریڈیو پاکستان کے "لوگو"اور پاکستانی ڈاک ٹکٹوں کے ڈیزائن بھی تخلیق کیے ۔ عبدالرحمٰن چغتائی کے  افسانوں کے دو مجموعے لگان اور کاجل بھی  شائع ہوئے، انہیں مصور مشرق کا خطاب ملا اور 1960ء میں ہلال امتیاز  سے نوازا گیا۔ نامور مصور عبدالرحمٰن چغتائی 17جنوری 1975ء کولاہور میں  انتقال کر گئے۔