لاہور ہائیکورٹ نے ڈاکٹر یاسمین راشد اور زلفی بخاری کو الیکشن لڑنے کی اجازت دیدی
01-16-2024
(لاہور نیوز) لاہو ہائیکورٹ نے ڈاکٹر یاسمین راشد اور زلفی بخاری کے کاغذاتِ نامزدگی کی منظوری کے خلاف دائر درخواستیں مسترد کرتے ہوئے انہیں الیکشن لڑنے کی اجازت دیدی۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں جسٹس شاہد بلال حسن اور جسٹس جواد حسن پر مشتمل تین رکنی بینچ نے درخواستوں پر سماعت کی۔ رہنما پی ٹی آئی ڈاکٹر یاسمین راشد کے این اے 130 لاہور سے کاغذات نامزدگی منظور ہونے کے خلاف لیگی رہنما بلال یاسین نے درخواست دائر کی تھی۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ الیکشن ایپلٹ ٹریبونل نے حقائق کے برعکس یاسمین راشد کے کاغذات نامزدگی منظور کئے۔ عدالت یاسمین راشد کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا حکم جاری کرے۔ عدالت نے بلال یاسین کی درخواست خارج کرتے ہوئے ڈاکٹر یاسمین راشد کو الیکشن میں حصہ لینے کا ایپلٹ ٹریبونل کا فیصلہ برقرار رکھا۔ تین رکنی بینچ نے زلفی بخاری کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف دائر درخواست بھی خارج کر دی۔ عدالت نے ایپلٹ ٹریبونل کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے زلفی بخاری کو الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت دے دی۔ ملک ظہیر عباس کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے فیصلے کیخلاف دائر درخواست پر بھی سماعت ہوئی۔ تین رکنی بینچ نے ایپلٹ ٹریبونل کا فیصلہ کالعدم کرتے ہوئے ملک ظہیر عباس کو الیکشن میں حصہ لینے کا اہل قرار دیدیا۔ عدالت نے بانی پی ٹی آئی، شاہ محمود قریشی، پرویز الٰہی، شیخ رشید، ریحانہ ڈار، حبا فواد سمیت دیگر رہنماؤں کی درخواستوں پر فیصلے محفوظ کر رکھے ہیں۔