ہوشربا مہنگائی نے غریب کا جینا محال کر دیا، برائلر گوشت مزید مہنگا
01-16-2024
(لاہور نیوز) ہوشربا مہنگائی نے غریب کا جینا محال کر دیا۔ برائلر گوشت مزید مہنگا ہو گیا۔ فارمی انڈے بھی پہنچ سے کوسوں دور ہیں۔
سرد موسم میں مہنگائی کا بازار گرم ہے۔ پولٹری مصنوعات کی قیمتوں کو بریک نہ لگ سکی۔ برائلر گوشت مزید 20 روپے مہنگا ، فی کلو دام 658 روپے ہو گئے۔ فارمی انڈے بھی قوت خرید سے باہر ہیں۔ انڈے مزید 2 روپے مہنگے، سرکاری ریٹ لسٹ میں فی درجن قیمت 404 روپے مقرر ہو گئی۔ ادھر سبزیوں اور پھلوں کی خریداری بھی جیب پر بھاری ہے۔ سرکاری ریٹ لسٹ میں 8 سبزیوں کے دام بڑھا دئیے گئے۔ اوپن مارکیٹ میں پیاز 250 ، سبز مرچ 170 ، میتھی 220 روپے فی کلو ہے۔ بینگن 5 روپے بڑھا کر سرکاری قیمت 95 روپے کلو مقرر ، فروخت 130 روپے فی کلو تک ہے۔ کھیرا 120 ، کریلے 480 ، اروی 280 ، مٹر 320 روپے فی کلو بیچے جا رہے ہیں۔ پھلوں میں سیب 400 ، امرود 180 روپے فی کلو ہیں۔ کیلے 200 اور کینو 320 روپے فی درجن فروخت کئے جا رہے ہیں۔ عوام کہتے ہیں اب تو کچھ بھی سستا نہیں رہا۔ ہر چیز قوت خرید سے باہر ہو چکی ہے۔ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس بھی گرانفروشی روکنے میں ناکام ہیں۔ دکاندار من مانی قیمتیں وصول کر رہے ہیں۔