جی ایچ کیو حملہ کیس: شیخ رشید سمیت پی ٹی آئی کے 15 کارکنوں کی ضمانتیں منظور

01-16-2024

(ویب ڈیسک) جی ایچ کیو حملہ کیس میں نامزد شیخ رشید، سابق ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی واثق قیوم اور تحریک انصاف کے 15 کارکنان کی عبوری ضمانتیں منظور ہوگئیں۔

راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت کی اور تحریک انصاف کے 3 امیدواروں سمیت 24 کارکنوں کی ضمانتوں پر فیصلہ محفوظ کیا جو کہ آج سنا دیا۔ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج ملک اعجاز آصف نے فیصلہ دیتے ہوئے سابق ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی واثق قیوم عباسی اور پی ٹی آئی کارکنوں کی عبوری ضمانتیں منظور کرلیں۔ اسی طرح جی ایچ کیو حملہ کیس میں شیخ رشید کی ضمانت کنفرم ہوگئی۔ عدالت نے ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم جاری کردیا۔ شیخ رشید اور راشد شفیق کی مورگاہ اور تھانہ سٹی کیسوں میں بھی ضمانتیں کنفرم ہوگئیں، شیخ رشید کی اب تک 4 مقدمات میں ضمانتیں کنفرم ہوچکیں باقی  8 کیسز رہ گئے۔ شیخ رشید کے وکیل سردار عبدالرازق نے کہا ہے کہ ابھی دو مقدمات میں ضمانتیں کنفرم کی گئیں باقی 10 مقدمات کے فیصلے بھی تھوڑی دیر میں ہوں گے، باقی کیسوں میں بھی عبوری ضمانتیں کنفرم ہونے کی توقع ہے ایک جیسا الزام ایک جیسے شواہد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انسدادِ دہشت گردی کی عدالت کے جج دلیر جج ہیں اور آزادانہ فیصلے کر رہے ہیں، ملک اعجاز آصف ایمان دار جج ہیں یقین ہے کہ وہ بے بنیاد مقدمات پر بہترین فیصلہ کریں گے، حالات سارے ان کے سامنے ہیں، وارث خان میں پہلے اور سول لائنز اور آر اے بازار میں ضمانتیں منظور ہو چکیں، نو مئی مقدمات میں وہی لوگ ہیں جو موقع پر موجود تھے جو موجود نہیں تھے ان کے کوئی شواہد نہیں ملے، عدالتیں انہیں شواہد کو سامنے رکھ کر فیصلہ کرتی ہیں۔ جی ایچ کیو حملہ کیس میں نامزد تحریک انصاف کے 15 کارکنان کی عبوری ضمانتیں بھی کنفرم ہوگئی ہیں باقی 11 مقدمات میں ضمانتوں کے فیصلے بھی جاری کیے جا رہے ہیں۔ واضح رہے کہ سابق وزیر داخلہ شیخ رشید اور بھتیجے راشد شفیق کے خلاف سانحہ 9 مئی کے حوالے سے 12 مقدمات درج ہیں۔ تمام دس تھانوں کی پولیس نے تفتیش مکمل کرنے کیلئے شیخ رشید کی گرفتاری مانگی ہے۔