ٹیکس چوروں کے بجلی و گیس کنکشنز منقطع کرنے کا فیصلہ مؤخر
01-16-2024
(لاہور نیوز) ایف بی آر نے ٹیکس چوروں کے بجلی و گیس کے کنکشنز منقطع اور موبائل سمز بلاک کرنے کا فیصلہ مؤخر کردیا۔
ذرائع ایف بی آر کے مطابق نان فائلرز کے خلاف انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کی شق 114B کے تحت کارروائی کی جانی تھی، نان فائلرز کے خلاف ایکشن لینے سے قبل انکم ٹیکس جنرل آرڈر تیار نہیں کیا جا سکا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فائلرز کے خلاف اقدامات سے ایف بی آر کو عدالتوں سے لیگل ایشوز کا سامنا کرنا پڑ سکتا تھا،یکم مارچ تک ایکٹو ٹیکس پیئرز لسٹ جاری کرنے کے بعد نان فائلرز کے خلاف اقدامات شروع ہو سکتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق نان فائلرز کے خلاف سمز بند، کنکشنز منقطع کرنے کے علاوہ پینلٹی عائد کرنے کے اقدامات ہوں گے۔ ذرائع ایف بی آر کا مزید کہنا ہے کہ لیگل ایشوز کے مسائل اور ڈیٹا مکمل نہ ہونے کے باعث نان فائلرز کے خلاف ایکشن نہیں لیا جا سکا ، اقدامات کے تحت جون 2024 تک بیس لاکھ تک نئے ٹیکس دہندگان کو ٹیکس نیٹ میں لانے کا ہدف تھا۔