لاہور ہائیکورٹ:نگران پنجاب حکومت کو ختم کرنے کیلئے درخواستیں غیر مؤثر قرار

01-15-2024

(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب کی نگران حکومت کو ختم کرنے اور نیا عبوری سیٹ اپ تشکیل دینے کے لیے درخواستوں کو غیر مؤثر قرار دیتے ہوئے نمٹا دیا۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے نگران حکومتِ پنجاب  کو ختم کرنے اور نیا عبوری سیٹ اپ تشکیل دینے کیلئے شیخ رشید اور زمان وردگ کی درخواستوں پر سماعت کی،درخواست میں وفاقی حکومت، الیکشن کمیشن اور گورنر پنجاب کو فریق بنایا گیا ہے۔  درخواست گزاروں  کا مؤقف  ہے کہ موجودہ نگران حکومت اپنی مدت پوری کر چکی ہے، 90 دن سے زائد کوئی بھی نگران سیٹ اپ نہیں رہ سکتا،موجودہ نگران حکومتِ پنجاب غیر آئینی اور غیر قانونی طور پر کام کررہی ہے۔ درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ موجودہ نگران سیٹ اپ کو ختم کرکے تمام پارٹیز سے مشاورت کے بعد نیا عبوری سیٹ اپ تشکیل دینے کا حکم دیا جائے۔ دوران سماعت وفاقی حکومت کے وکیل نے دلائل دیئے کہ مذکورہ معاملہ سپریم کورٹ میں بھی زیر سماعت ہے، سپریم کورٹ الیکشن کروانے کا حکم دے چکی ہے،الیکشن کا شیڈول بھی جاری ہو چکا ہے اور 8 فروری کو الیکشن ہونے جارہے ہیں۔ بعدازاں عدالت نے وفاقی حکومت کے وکیل کے جواب کی روشنی میں درخواستوں کو غیر مؤثر قرار دیتے ہوئے نمٹا دیا۔