ہمارے آزاد امیدواروں کو 'تیر'کانشان نہ ملا تو الیکشن متنازع ہوجائیگا:چودھری منظور
01-15-2024
(لاہور نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما چودھری منظور نے کہا ہے کہ ہمارے آزاد امیدواروں کو "تیر" کا نشان نہ ملا تو الیکشن متنازع ہو جائے گا۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی پی رہنما چودھری منظور کا کہنا تھا کہ الیکشن ایکٹ کے آرٹیکل 66 کے تحت امیدوار اپنا سائن شدہ سرٹیفکیٹ آر او کے پاس لے کر جائے گا، اس آرٹیکل کے تحت آر او ما تحت ہے کہ وہ امیدوار کو وہی نشان الاٹ کرے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے بتایا تھا پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز اور پاکستان پیپلز پارٹی 2 پارٹیز ہیں، ان دونوں کا الائنس ہے، ہم دونوں پارٹیز پاکستان پیپلز پارٹی کے نشان تیر پر الیکشن لڑیں گے لیکن پھر بھی ہمارے 7 امیدواروں کو تیر کا نشان نہیں دیا گیا، زبردستی آزاد امیدوار بنا دیا گیا۔ چودھری محمود کا کہنا تھا کہ ہم نے بروقت اپنے کاغذات نامزدگی آر او آفس جمع کروایئے تھے، آج صبح ہم نے الیکشن کمیشن کو خط لکھا ہے جس کا کوئی جواب نہیں آیا،ہمارا مطالبہ ہے الیکشن کمیشن فوراً آر اوز کو ہدایت کرے کہ ہمیں پارٹی کا نشان الاٹ کرے۔ رہنما پیپلزپارٹی نے کہا کہ ہم کہتے آئے ہیں 2013 اور 2018 کا الیکشن متنازع ہےلیکن وہ انتخابات الیکشن ہونے کے بعد متنازع ہوئے، اگر ہمیں الیکشن کے لئے تیر کا نشان نہیں دیا گیا تو یہ الیکشن انتخابات ہونے سے پہلے ہی متنازع ہو جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی وہ واحد جماعت ہے جس نے سب سے پہلے الیکشن کی تاریخ کا مطالبہ کیا، ہم نے سب سے پہلے انتخابی مہم شروع کی، اگر ہمارے مطالبات نہ مانے گئے تو ہم احتجاج بھی کریں گے اور قانونی راستہ بھی اختیار کریں گے۔