مسلم لیگ ن کا خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے 9 نکاتی منشور تیار

01-15-2024

(لاہور نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن نے خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے9 نکاتی منشور تیار کر لیا۔

 لاہور نیوز  نے خواتین کے لیے تیار منشور کی کاپی حاصل کرلی، منشور میں ملکی ترقی میں خواتین کا کردار بڑھانے کے لیے 9 نکات شامل ہیں، مسلم لیگ ن کے منشور کے مطابق خواتین کو تعلیم، صحت، زراعت، توانائی سیکٹرمیں مراعات دی جائیں گی۔ کاروبار کرنے والی خواتین کو قرض اور ٹیکس چھوٹ دینا بھی منشور کا حصہ ہے، صحت کارڈ کی طرز پر میٹرنٹی کارڈ کا اجرا بھی منشور میں شامل ہے، خواتین کو شعبہ تعلیم میں زیادہ مواقع دینے کا اعلان منشور میں شامل ہے، خواتین کو بچوں کو تعلیم دینے کے جدید طریقے بھی سکھائے جائیں گے۔ منشور کے مطابق چھوٹے قصبوں میں گائنی ڈاکٹر کی دستیابی یقینی بنائی جائے گی، زرعی شعبہ میں خواتین کی حوصلہ افزائی، لائیو سٹاک، باغبانی کی تربیت دی جائے گی، توانائی سیکٹر میں خواتین کو انٹرن شپ، پاورپلانٹس میں ملازمتیں دی جائیں گی۔ کاروبار کرنے والی خواتین کو 30 فیصد خواتین ملازم رکھنے پر ٹیکس چھوٹ دی جائے گی، خواتین کو کاروبار کے لیے قرض اور ہنرسکھائے جائیں گے۔