9 مئی مقدمات: شیخ رشید کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

01-15-2024

(ویب ڈیسک) انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کے مقدمات میں شیخ رشید اور ان کے بھتیجے شیخ راشد شفیق کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں شیخ رشید اور ان کے بھتیجے شیخ راشد شفیق کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستوں پر سماعت ہوئی، اے ٹی سی کے جج  ملک اعجاز آصف نے کیسز پر سماعت کی۔ دوران سماعت پراسیکیوٹر نے انسداد دہشتگردی عدالت میں موبائل پر ویڈیو چلا کر دکھاتے ہوئے مؤقف اپنایا کہ ویڈیو میں شیخ راشد شفیق کارکنان کو اکساتے دکھائی دے رہے ہیں،  ویڈیو میں سنا جاسکتا ہے کہ راشد شفیق بتا رہےہیں بانی پی ٹی آئی ہماری ریڈ لائن ہے۔ پراسیکیوشن نے 9 مئی کے مقدمات میں شیخ رشید اور شیخ راشد شفیق کی گرفتاری مانگ لی، بعدازاں عدالت نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کرلیا  جو کل سنایا جائے گا۔ ہم جیلوں سے گھبرانے والے ہیں نہ ہی 16 ماہ والے چور ڈاکو: شیخ رشید عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ ہم جیلوں سے گھبرانے والے ہیں اور نہ ہی 16 ماہ والے چور ڈاکو ہیں،ہم وہ نہیں  جنہوں نے اپنے لیے قانون بدلے اور اپنے آپ کو نااہل سے اہل بنایا ، عدالت سمجھتی ہے کہ تقریر کرنا ہمارا جرم ہے تو ہم نے اپنی تقریر نہیں کی۔ سربراہ عوامی مسلم لیگ کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے یہ ضرور کہا ہے ٹھپے پر ٹھپے اور قلم دوات پر ٹھپہ،8 فروری کو قلم دوات کی این اے 56 اور 57 میں فتح ہو گی، 8 فروری کو ان کو وہاں پہنچائیں گے جہاں سے نکلے تھے۔