لاہور بورڈ میں طلبہ کی سہولت کیلئے ای سروسز موبائل ایپ کا افتتاح
01-15-2024
(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے لاہور بورڈ میں طلبہ کی سہولت کیلئے ای سروسز موبائل ایپ کا افتتاح کردیا۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ لاہور بورڈ میں ڈگری اور رزلٹ کی تصدیق کا عمل آن لائن کیا گیا ہے، پنجاب کے باقی آٹھ بورڈز کو بھی آن لائن کرنے جارہے ہیں۔ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پی آئی ٹی بی نے اچھی ایپ بنائی ہے، ای سروسز موبائل ایپ سے طلبہ کے مسائل حل ہوں گے، طالب علموں کو یہاں بورڈ میں آنا پڑتا تھا، انہیں پریشانی ہوتی تھی،گھنٹوں لائن میں لگنا پڑتا تھا، فیسوں کے لیے بینک جانا پڑتا تھا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ تعلیم میں ہم اتنا کام نہیں کرسکے جتنا ہونا چاہیے تھا،ہزاروں سکولز میں سے درجن بھر کا ٹھیک ہوجانا کوئی بڑی بات نہیں ہے، ایجوکیشن سیکٹر میں اصلاحات کی ضرورت ہے۔