لیول پلیئنگ فیلڈ: پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن کیخلاف درخواست واپس لے لی
01-15-2024
(لاہور نیوز) سپریم کورٹ نے انتخابات میں لیول پلیئنگ فیلڈ کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی الیکشن کمیشن کے خلاف توہین عدالت کی درخواست نمٹا دی۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسٰی کی سربراہی میں جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس مسرت ہلالی پر مشتمل 3 رکنی بنچ نے آج کیس کی سماعت کرنی تھی۔ سماعت کے حوالے سے سردار لطیف کھوسہ عدالت عظمیٰ میں پیش ہوئے اور چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ سے مکالمہ کیا کہ ہم 25 کروڑ عوام کی عدالت میں جانا چاہتے ہیں، "آپ کی بہت مہربانی بہت شکریہ" جس پر چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ آپ کیس چلانا چاہتے ہیں یا نہیں؟ سردار لطیف کھوسہ نے بتایا کہ مجھے ہدایات ملی ہیں کہ درخواست واپس لے لی جائے۔ چیف جسٹس نے جواب دیا کہ آپ نے ہمارا فیصلہ ماننا ہے تو مانیں، نہیں ماننا تو آپ کی مرضی ہے! آپ نے جو فیصلہ کیا اس کا ملبہ ہم پر نہ ڈالیں۔ پی ٹی آئی کے رہنما لطیف کھوسہ نے درخواست واپس لینے کا اعلان کیا جس پر سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی کی درخواست واپس لینے کی بنیاد پر نمٹا دی۔