امامیہ کالونی فلائی اوور کو رواں ماہ کے آخر تک کھول دیا جائیگا: محسن نقوی

01-15-2024

(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی اتوار کو رات گئے پنجاب کابینہ کے ہمراہ امامیہ کالونی فلائی اوور پراجیکٹ پر کام کا جائزہ لینے پہنچ گئے۔

وزیراعلیٰ محسن نقوی نے منصوبے پر ہونے والی پیشرفت کاجائزہ لیا ۔ امامیہ کالونی فلائی اوور پراجیکٹ نے بھی سپیڈ پکڑ لی۔ شدید سردی اور دھند کے باوجود مزدور برق رفتاری سے اس پراجیکٹ کو مکمل کرنے میں لگے ہوئے ہیں۔ محسن نقوی نے اعلان کیا کہ اس ماہ کے آخر میں اس انتہائی ضروری فلائی اوور کو عوام کے استعمال کے لئے کھول دیا جائے گا۔ انہوں نےمٹیریل سے متعلقہ ایشوز کو فوری حل کرنے کا حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کو جلد از جلد مکمل کرنے کی پوری کوشش کی جائے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے این ایل سی کے حکام کے کام کی تعریف کی ۔این ایل سی کے حکام نے وزیراعلیٰ محسن نقوی کو امامیہ کالونی پراجیکٹ پر بریفنگ دی۔ صوبائی وزراء ایس ایم تنویر، منصور قادر،عامر میر،اظفر علی ناصر،بلال افضل،کمشنر و ڈی جی ایل ڈی اے،ڈپٹی کمشنر،این ایل سی حکام بھی موجود تھے۔