اس بار ووٹ سود خوروں اور کرپشن کرنیوالوں کے پاس نہیں جانا چاہیے:لیاقت بلوچ

01-14-2024

(لاہور نیوز)جماعت اسلامی کے سینئر رہنما لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ اس بار ووٹ سود خوروں اور کرپشن کرنے والوں کے پاس نہیں جانا چاہیے۔

حلقہ این اے 128 کے مرکزی دفتر  میں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ یہاں آنے کا مقصد کارکنان کو متحرک کرنا ہے، میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس مرکزی دفتر کو کامیابی کا مرکز بنائے،آج اسی مہم کے ساتھ لوگوں کے پاس جا رہے ہیں تاکہ لوگ اپنے ووٹ کی طاقت کو پہچانیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم لوگوں کے پاس اس پیغام کے ساتھ جا رہے کہ جنہوں نے کشمیر کا سودا کیا ان کے پاس یہ ووٹ نہیں جانا چاہیے ، یہ ووٹ اسلامی پاکستان کو حقیقی طور پر اسلامی اصولوں کے مطابق چلانے کے لئے دیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم پاکستان کو اسلامی اصولوں کے مطابق بنائیں گے،ترازو فتح کا نشان اور پاکستان اسلام کا گڑھ بنے گا۔