بلوچستان کے مسائل کا حل نگران حکومت کے بس میں نہیں: مرتضیٰ سولنگی

01-14-2024

(لاہور نیوز) نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے مسائل کو پاکستان کی بڑی سیاسی جماعتیں اور متعلقہ فریق حل کرسکتے نگران حکومت کے بس کی بات نہیں ہے۔

الحمرا میں تھنک فیسٹیول سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کا کہنا تھا کہ بلوچ خواتین مارچ جب سے چلا انہیں اسلام آباد تک پہنچنے میں کوئی مسئلہ نہیں ہوا،مارچ جب اسلام آباد پہنچا تو شرکاء  سے کہا گیا کہ آپ کو جلسہ کیلئے ایف نائن پارک دیا جاسکتا ہے لیکن انکا اصرار تھا کہ وہ ریڈ زون میں جائیں گے۔ مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ  لاٹھی چارج کا واقعہ رات ایک بجے کے بعد ہوا، وہاں پریس کلب میں موجود لوگوں نے ریڈ زون کی طرف جانے کی کوشش کی، پھر پولیس کی جانب سے لاٹھی چارج ہوا، ہم ان خواتین کے پاس گئے ان سے بات چیت کی۔ نگران وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ ابھی جہاں احتجاجی خواتین بیٹھی ہیں انہیں وہاں ایمبولینس دی گئی ہے ،ہماری خواہش ہےکہ وہ پرامن طریقے سے واپس جائیں اور آنے والی حکومت انکے مسائل کا حل کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ میرے خیال میں کل سپریم کورٹ نے بہتر فیصلہ دیا، سب کو پتا ہے 8 فروری کو انتخابات ہورہے ہیں، آئین میں لکھا ہے ملک کا نظام منتخب جمہوری نمائندے چلائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک کو اس وقت بڑا معاشی چیلنج درپیش ہے، پاکستان میں اشرافیہ کے لوگ کسی نہ کسی صورت اقتدار میں رہے ہیں، پڑوسیوں کیساتھ بہتر تعلقات بنانا ہوں گے۔