پنجاب حکومت کی جانب سے پریس کلبز میں سپیشل گرانٹ تقسیم

01-14-2024

(لاہور نیوز) پنجاب حکومت نے ایک اور مثبت اقدام اٹھاتے ہوئے پریس کلبز میں 9 کروڑ 45 لاکھ روپے کی خطیر سپیشل گرانٹ تقسیم کردی۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی، نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی اور صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر نے پریس کلبز میں چیکس تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کیا۔ اس موقع پر  نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کا کہنا تھا کہ پریس کلب آزادی صحافت کا اہم ستون ہیں، صحافی معاشرے کا اہم حصہ ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب نے پریس کلبوں کیلئے 9 کروڑ 45 لاکھ روپے کی خطیر گرانٹ منظور کی، محسن نقوی نے ہمیشہ عوامی ضروریات کا خیال رکھا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت میں محسن نقوی ہر وقت مصروف عمل رہتے ہیں، صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لئے اقدامات پر وزارت اطلاعات اور حکومت پاکستان کی طرف سے وزیراعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کا تقریب سے خطاب میں کہنا تھا کہ پروفیشنل صحافیوں کی فلاح و بہبود حکومت کی ذمہ داری ہے، ایک صحافی کی حیثیت سے ہم پر بہت سے فرائض لاگو ہوتے ہیں، صحافی ذمہ داری کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں، ہماری خواہش ہے صحافت کا معیار بلند ہو، صحافیوں کو جدید دور کے تقاضوں کے مطابق تربیت کی فراہمی ناگزیر ہے۔ نگران صوبائی وزیر عامر میر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے صحافی برادری کی فلاح و بہبود کا ہمیشہ خیال رکھا، پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ڈویژن، ڈسٹرکٹ اور تحصیل سطح پر قائم پریس کلبوں کو سپیشل گرانٹ دی گئی، سپیشل گرانٹ سے پریس کلبوں کو جدید خطوط پر استوار کیا جا سکے گا، ہمارا مقصد صحافت کے مشن کو آگے بڑھانا ہے۔