پی ٹی آئی امیدواروں نے ہمارے جعلی ٹکٹ جمع کرائے: چیئرمین پی ٹی آئی نظریاتی

01-13-2024

(لاہور نیوز) چیئرمین پی ٹی آئی نظریاتی اختر اقبال ڈار نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی امیدواروں کو ہم نے ٹکٹ جاری نہیں کیے، انہوں نے ہمارے جعلی ٹکٹ جمع کرائے۔

لاہور پریس کلب میں ہنگامی نیوز کانفرنس کرتے ہوئے اختر اقبال ڈار نے کہا کہ آج 12 بجے سے افواہیں گردش کر رہی ہیں، پی ٹی آئی امیدواروں نے ہمارے جعلی ٹکٹ جمع کرائے، پی ٹی آئی امیدواروں نے پی ٹی آئی نظریاتی کی ٹکٹیں کہاں سے لیں؟ انہوں نے کہا کہ اپنے امیدواروں کو میں نے خود ٹکٹ جاری کئے، 2018ء میں جو ٹکٹ جاری کیے تھے وہی اس  بار جاری کیے ہیں، پی ٹی آئی نظریاتی کے ارکان کی لسٹیں کچھ دیر بعد جاری کی جائیں گی۔اختر اقبال ڈار نے کہا کہ میرے ٹکٹ پر واضح طور پر بلے باز کا نشان موجود ہے، سمجھ سے باہر ہے پی ٹی آئی نے کہاں سے ٹکٹیں ڈرافٹ کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے آرڈر دے دیا ہے کہ کوئی کسی اور پارٹی کا استعمال نہیں کر سکتا، میں نے یہ پارٹی اس لئے بنائی تھی کہ دھونس نہیں چلے گی، میں نے خود فیصلہ کیا اور  پارٹی کی بنیاد رکھی۔ اختر اقبال ڈار نے کہا کہ پی ٹی آئی این کا اپنا منشور،اپنا آئین ہے، ہمارا نعرہ کرپشن کی سزا موت ہے، سزا اور جزا کے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا، اللہ نے اس لیے ہی سزا اور جزا رکھی ہے کہ سب ٹھیک ہو جائیں۔