یوریا کھاد کی بلیک مارکیٹنگ میں ملوث افراد کے خلاف کارروائیاں، 123 مقدمات درج

01-13-2024

(لاہور نیوز) یوریا کھاد کی بلیک مارکیٹنگ، گرانفروشی اور ذخیرہ اندوزی میں ملوث افراد کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔

کاشتکاروں کو مقررہ قیمتوں پر کھادوں کی دستیابی کے معاملے پر سیکرٹری زراعت پنجاب نادر چٹھہ کی مارکیٹوں میں زرعی مداخل کی مقررہ نرخوں پر دستیابی یقینی بنانے کے لئے مانیٹرنگ جاری ہے۔ سال 2023ء میں محکمہ زراعت پنجاب کے شعبہ توسیع نے یوریا کھاد کی بلیک مارکیٹنگ، گرانفروشی اور ذخیرہ اندوزی میں ملوث افراد کے خلاف کارروائیاں کیں۔ 950ایف آئی آرز کا اندارج ،370 ڈیلرز کو موقع پر گرفتار کرایا گیا۔ بلیک مارکیٹنگ کے گھناؤنے دھندے میں ملوث ڈیلرز کو 10 کروڑ 43 لاکھ 6 ہزار 900 روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ سال 2023ء میں یوریا کھاد کے کل 1 لاکھ 98 ہزار 500 تھیلے قبضے میں لئے گئے جن کی مالیت 68 کروڑ 48 لاکھ 25 ہزار روپے ہے۔ قبضہ میں لی گئی کھاد کو محکمہ زراعت کے افسران کی زیر نگرانی مقررہ قیمتوں پر فروخت کیا گیا۔ جنوری 2024ء میں 260 ڈیلرز کے خلاف کارروائی ہوئی، 123 مقدمات درج جبکہ 59 افراد کو موقع پر گرفتار کیا گیا۔