پنجاب کے تعلیمی اداروں میں ہیلتھ سکریننگ گیم چینجر ثابت ہو گی، ڈاکٹر جاوید اکرم

01-13-2024

(لاہور نیوز) نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم کا کہنا ہے کہ پنجاب کے تعلیمی اداروں میں ہیلتھ سکریننگ گیم چینجر ثابت ہو گی۔

پانچویں چانسلرز، پرنسپلز اور ایم ایس کانفرنس نجی ہوٹل میں منعقد ہوئی۔ نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ ڈاکٹر جاوید اکرم کا کہنا تھا کہ کانفرنس کے دوران تمام سرکاری ٹیچنگ ہسپتالوں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، سرکاری ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے، کارڈیالوجی ہسپتالوں میں مریضوں کو پرائمری انجیو پلاسٹی کی سہولت گیم چینجر ثابت ہوئی ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے مزید کہا سرکاری ہسپتالوں کے ذمہ داروں سے ہمیں بہت امیدیں ہیں، پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کو اتائیوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کا حکم دیا گیا ہے۔ سیکرٹری صحت پنجاب علی جان خان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے کسی سرکاری ہسپتال میں ادویات کی کمی نہیں ہونی چاہئے، نرسنگ کالجز کے حالات بہتر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔