شہر میں سردی سے بچنے کیلئے آگ جلانے سے آتشزدگی کے واقعات میں اضافہ

01-13-2024

(لاہور نیوز) لاہور میں شدید سردی شہریوں کے لئے مصیبت بن گئی۔ شہر میں سردی سے بچنے کیلئے آگ ، ہیٹر جلانے سے آتشزدگی کے واقعات میں خوفناک اضافہ ہو گیا۔

شہر میں سردی کے ساتھ لوگوں کی پریشانیاں بھی بڑھ گئیں۔ سردی سے بچنے کے لئے آگ اور ہیٹر جلانا بھی مصیبت بن گیا۔ 12 روز کے دوران آتشزدگی کے 162 واقعات رپورٹ ہوئے۔ آگ لگنے سے 7 افراد جھلس کر دم توڑ گئے، 4 بچے بھی شامل ہیں۔ شہر میں آگ لگنے کے واقعات میں 20 افراد جھلس کر زخمی ہوئے۔ آتشزدگی کے 30 واقعات گیس لیکج اور بے احتیاطی کی وجہ سے ہوئے۔ ریسکیو حکام کے مطابق 138 واقعات میں آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ لگی۔ گھر ، دفاتر اور دکانیں جل جانے سے کروڑوں کا نقصان بھی ہوا۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ شہری سردی سے بچاؤ کرتے ہوئے احتیاط کا دامن بھی ہاتھ سے نہ چھوڑیں۔ سوتے ہوئے انگیٹھی یا ہیٹر وغیرہ بند کر دیں، ایک کھڑکی یا دروازہ کھلا رکھ کر ہیٹر یا چولہا جلائیں۔