صوبائی وزیر ہاؤسنگ نے بند روڈ پراجیکٹ پر کنٹینر میں عارضی رہائش اختیار کر لی

01-13-2024

(لاہور نیوز) ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے صوبائی وزیر ہاؤسنگ اظفر علی ناصر نے بند روڈ پراجیکٹ پر کنٹینر میں عارضی رہائش اختیار کر لی۔

صوبائی وزیر نے بند روڈ کنٹرولڈ ایکسیس کوریڈور پراجیکٹ کی سائٹ پر کنٹینر میں ہی بیڈ لگوا لیا۔ اظفر علی ناصر صبح، دوپہر، شام اور رات گئے منصوبے کی نگرانی میں مصروف ہیں۔ منصوبے کی تکمیل تک وہ کنٹینر میں ہی رہائش رکھیں گے۔ صوبائی وزیر  نے رات گئے تعمیراتی سرگرمیوں کا معائنہ بھی کیا۔ پراجیکٹ کی بروقت تکمیل کے لئے کنٹریکٹر کو ضروری ہدایات دیں اور کنٹینر میں اجلاس بھی کیا۔ اظفر علی ناصر کا کہنا تھا کہ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی عوام کو ریلیف دینے کے لئے دن رات ایک کئے ہوئے ہیں۔ منصوبے پر کام کی رفتار تیز کرنے کے لئے تمام ضروری وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ ٹارگٹ کو اِنشاء اللہ ہر صورت پورا کریں گے۔ دوسری جانب کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا نے شاہدرہ چوک پر جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا۔ کمشنر لاہور پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی بھی پہنچے اور ایمرجنسی فلورز پر کام کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ بلدیہ عظمیٰ لاہور کی جانب سے بھی شہر میں 414 ترقیاتی منصوبے جاری ہیں۔ ایڈیشنل کمشنر جنرل نے ماڈل ٹاؤن لنک روڈ تا اتفاق ہسپتال پر جاری کام کا معائنہ کیا۔