لاہور کی سپیڈو بس سروس میں طلباء وطالبات مفت سفر نہیں کر سکیں گے

01-13-2024

(لاہور نیوز) لاہور کی سپیڈو بس سروس میں طلباء وطالبات مفت سفر نہیں کر سکیں گے۔ اورنج ٹرین اور میٹرو بس میں مفت سفر کی سہولت میسر رہے گی۔

طلباء وطالبات کو مفت سفر کی سہولت کا اعلان نگران پنجاب حکومت کے لئے درد سر بن گیا۔ میٹرو بس اور اورنج ٹرین میں مفت سفر کی سہولت پہلے ختم کر دی گئی تھی۔ نگران وزیر اعلیٰ سے طلباء وطالبات کی شکایت پر سہولت پھر بحال ہوئی۔ بھاری اخراجات کا بوجھ پڑنے پر یہ بحالی بھی جزوی کر دی گئی۔ لاہور کے طلباء وطالبات سپیڈو بس سروس میں مفت سفر نہیں کر سکیں گے۔ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے حکام نے اجلاس میں تجویز مسترد کر دی۔ طلباء وطالبات کو 100 سے زائد سپیڈو بسوں میں مکمل کرایہ دے کر سفر کرنا ہو گا۔ بورڈ آف ڈائریکٹرز کے جاری کر دہ میٹنگ منٹس میں کہا گیا ہے کہ طلباء وطالبات کو انکے سکولوں، کالجوں کی شٹل سروس میسر ہے، اس لئے سپیڈو بس میں مفت سفر کی سہولت فراہم کرنا مشکل ہے تاہم میٹرو بس اور ٹرین میں یہ سہولت جاری رہے گی۔