"پی ایس ایل 9" کا ترانہ، علی ظفر نے ووٹنگ شروع کرا دی

01-13-2024

(ویب ڈیسک) گلوکارواداکار علی ظفر نے پاکستان سُپر لیگ (پی ایس ایل) کے سیزن 9 کے ترانے کے لیے سوشل میڈیا پر ووٹنگ کا آغاز کردیا۔

ہر سال کی طرح، 2024 کے پی ایس ایل کا میلہ سجنے والا ہے جس میں صرف ایک ماہ باقی ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ایونٹ کی تیاریوں کا آغاز ہوگیا ہے جبکہ شائقین یہ سوچ رہے ہیں کہ اس سیزن کا ترانہ کون سے گلوکار کی آواز میں سامنے آئے گا۔ پی ایس ایل کے ترانے کی بات آئے تو شائقین کرکٹ کے ذہنوں میں سب سے پہلے علی ظفر کا خیال آتا ہے کیونکہ اُنہوں نے اس ٹورنامنٹ کے تین سیزن کے ترانے گائے جوکہ بےحد مقبول ہوئے۔ اب علی ظفر نے پی ایس ایل کے ترانے کے لیے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس  پر ایک پوسٹ کی ہے جس میں اُنہوں نے شائقین کرکٹ سے اُن کی رائے طلب کی ہے۔ علی ظفر نے اپنی پوسٹ میں شائقین کرکٹ سے سوال کیا کہ “آپ مجھے بتائیں کہ اگر میں نے پی ایس ایل 9 کا ترانہ گایا تو اس سے پی ایس ایل اور پی سی بی کے برانڈ کو فروغ ملے گا؟ تمام سٹیک ہولڈرز کو زیادہ مالی فائدہ پہنچے گا؟ یا پھر کوئی دوسرا فائدہ ہوگا؟” گلوکار نے شائقین کی رائے طلب کرتے ہوئے کہا کہ “آپ ایمانداری سے ووٹ دیں کہ کیا آپ واقعی میری آواز میں پی ایس ایل 9 کا ترانہ سُننا چاہتے ہیں؟، مجھ میں کوئی انا نہیں ہے اور نہ ہی مجھے آپ کے انتخاب سے کوئی اعتراض ہوگا کیونکہ میں طاقت کے عہدوں پر فائز چند افراد کے بجائے اپنے عام عوام کی حقیقی رائے اور ترجیحات جاننا چاہتا ہوں”۔ اُنہوں نے اپنی اگلی پوسٹ میں کہا کہ “میں اپنی پوسٹ کے حوالے سے بعد میں وضاحت پیش کروں گا، ابھی صرف آپ ووٹ دیں”۔ علی ظفر کی جانب سے رائے طلب کرنے پر شائقین کرکٹ نے یہی کہا کہ وہ علی ظفر کی آواز میں ہی پی ایس ایل 9 کا ترانہ سُننا چاہتے ہیں۔ واضح رہے کہ پی ایس ایل 9 کا آغاز 17 فروری کو ہوگا، پہلا میچ  لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا،  ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 34 میچ کھیلے جائیں گے، پی ایس ایل کا فائنل 18 مارچ کو کراچی میں ہوگا۔