اذان سمیع خان کے نئے گانے ’’ہم دم‘‘ کو بھی زبردست کامیابی

01-13-2024

(ویب ڈیسک) اذان سمیع خان کا نیا گانا ’ہم دم‘ ریلیز ہوتے ہی وائرل ہوگیا، جسے دیکھنے کے بعد شائقین نے نوجوان گلوکار کو خوب سراہا ہے۔

اذان سمیع خان کے نئے گانے کی ویڈیو میں پاکستانی سینما کے کلاسک دور یعنی 1970ء کا زمانہ دکھایا گیا ہے، جس میں معروف اداکارہ صنم سعید کو 1970ء کے زمانے کی سپر سٹار کے طور پر دکھایا گیا ہے۔ میوزک ویڈیو میں گلوکار اذان سمیع خود صنم سعید کے ساتھ نظر آرہے ہیں جو معروف اداکارہ کی محبت میں مبتلا دکھائے گئے ہیں۔ رومانوی میوزک ویڈیو ’ہم دم‘ میں اذان سمیع خان نے خود ماڈلنگ کی ہے اور یہ گانا ان کے البم کا حصہ ہے، جس کے اب تک متعدد گانے ریلیز کئے جاچکے ہیں۔ اذان سمیع خان کی البم کے ایک گانے کی ویڈیو میں معروف اداکارہ سجل علی جبکہ دوسری ویڈیو میں مایا علی کو لیا گیا ہے، ان کے زیادہ تر گانے رومانوی ہیں، زیادہ تر ویڈیوز کو ماضی کے سنہرے دور میں فلمایا گیا ہے۔ واضح رہے کہ میوزک ویڈیو کو صرف ایک ہفتے کے دوران یوٹیوب پر 5 لاکھ کے قریب افراد دیکھ چکے ہیں۔