مصطفیٰ کمال سے نالاں شہباز شریف این اے 242 سے دستبردار

01-13-2024

(لاہور نیوز) ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما مصطفیٰ کمال کے رویے سے نالاں سابق وزیر اعظم شہباز شریف قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 242 سے دستبردار ہو گئے۔

مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما رانا مشہود نے کہا کہ انتخابات جیسے جیسے قریب آرہے ہیں، گہما گہمی بڑھتی جا رہی ہے، آج کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ ہے، کوئی امیدوار دو حلقوں سے زیادہ الیکشن نہیں لڑ سکتا۔ رانا مشہود نے کہا کہ آج پارٹی میں اہم میٹنگ ہوئی، شہباز شریف کے کاغذات لاہور اور قصور سے جمع ہو چکے ہیں، پارٹی قیادت نے فیصلہ کیا ہے کہ شہباز شریف پنجاب سے الیکشن لڑیں گے، یہاں این اے 242 سے خواجہ شعیب امیدوار ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں اے این پی اور باقی جماعتوں کا مشکور ہوں، ہم سندھ میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کر رہے ہیں، انتخابات میں کامیابی کے بعد میاں نواز شریف اور شہبازشریف صوبہ سندھ کی حالت درست کریں گے۔ ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم شہباز شریف مصطفیٰ کمال کے رویے سے نالاں ہیں، شہباز شریف نے ایم کیوایم کو آفر کی تھی کہ آپ اگر کاغذات نامزدگی واپس لے لیں تو الیکشن کے بعد کہیں اور ایڈجسٹمنٹ کریں گے۔ ن لیگ کے ذرائع نے بتایا کہ شہباز شریف کا کہنا ہے کہ میں سابق وزیراعظم رہا ہوں لیکن ایم کیو ایم نے میری عزت نہیں رکھی، نواز شریف کی ہدایت پر شہباز شریف این اے 242 سے کاغذات نامزدگی واپس لینے کیلئے تیار ہوئے، اب این اے 242 سے خواجہ شعیب ن لیگ کے امیدوار ہوں گے۔