پی سی بی نے نیشنل ویمنز ٹی 20 ٹورنامنٹ کا شیڈول جاری کردیا

01-12-2024

(لاہور نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ نے نیشنل ویمنز ٹی 20 ٹورنامنٹ کا شیڈول جاری کردیا۔

 پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) کے مطابق چھ ٹیموں پر مشتمل قومی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ 15 جنوری سے اسلام آباد اور راولپنڈی کے تین گراؤنڈز میں شروع ہوگا، ٹورنامنٹ میں چھ ریجنل ٹیمیں حصہ لیں گی جن میں کراچی، لاہور، ملتان، پشاور، کوئٹہ اور راولپنڈی شامل ہیں ۔ 17 روزہ ٹورنامنٹ میں ہر ٹیم دس میچ کھیلے گی، ٹاپ دو ٹیمیں 31 جنوری کو فائنل کھیلیں گی جس کے مقام کا اعلان بعد میں کیا جائے گا، ڈبل راؤنڈ رابن میچز راولپنڈی کے ایوب پارک گراؤنڈ اور اسلام آباد کے ڈائمنڈ کرکٹ گراؤنڈ اور شعیب اختر سٹیڈیم میں ہوں گے۔ شعیب اختر اسٹیڈیم میں ہونے والے میچز کی پی سی بی کے یوٹیوب چینل پر لائیو سٹریمنگ ہوگی، ٹاس ساڑھے دس بجے ہوگا جبکہ میچ کی پہلی گیند گیارہ بجے کروائی  جائے گی۔ قومی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کھلاڑیوں کے لیے مصروف بین الاقوامی سال سے قبل قومی ٹیم میں شمولیت کے لیے بہترین موقع فراہم کرے گا، پاکستانی خواتین اس سال کے آخر میں ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ اور ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں حصہ لینے سے پہلے کم از کم آٹھ ٹی ٹوئنٹی میچز میں حصہ لیں گی۔ قومی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ جیتنے والی ٹیم کو دس لاکھ روپے ملیں گے جبکہ رنرز اپ کو پانچ لاکھ روپے ملیں گے،ٹورنامنٹ کی بہترین کھلاڑی کو پچاس ہزار روپے اور ہر میچ کی بہترین کھلاڑی کوبیس ہزار روپے دیئے جائیں گے،ٹورنامنٹ کی ٹاپ پرفارمرز بہترین بیٹر بہترین باولر اور بہترین وکٹ کیپر کو پچیس پچیس ہزار روپے ملیں گے۔ پی سی بی نے چھ سکواڈز کو بھی حتمی شکل دے دی ہے جو 16 کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں۔ ان سکواڈز کا انتخاب سابق ٹیسٹ کرکٹر سلیم جعفر کی سربراہی میں قومی خواتین کی سلیکشن کمیٹی نے کیا ہے۔