خواتین امپائرز انڈکشن کورس کل سے لاہور میں شروع ہوگا

01-12-2024

(لاہور نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام چار روزہ خواتین امپائرز انڈکشن کورس کل سے لاہور قذافی سٹیڈیم میں شروع ہوگا۔

پی سی بی نے اس سلسلے میں امیدواروں سے درخواستیں دسمبر 2023 میں اس معیار کے مطابق وصول کیں تھیں جس میں انٹرنیشنل کھلاڑیوں کے علاوہ درخواست دہندگان کی تعلیم کم از کم انٹرمیڈیٹ ہونا لازمی تھی جبکہ عمر کی حد 28 سے 40 سال کے درمیان رکھی گئی تھی۔ آئی سی سی کے ایلیٹ پینل آف امپائرز کے ممبر احسن رضا اور پی سی بی کے انٹرنیشنل امپائر آصف یعقوب اس کورس کے انسٹرکٹر ہوں گے، امیدواروں کو ابتدائی طور پر تین روزہ بنیادی ٹریننگ کورس کرنا ہوگا اور چوتھے دن تحریری ٹیسٹ، فٹنس ٹیسٹ اور انٹرویوز لیے جائیں گے۔ کامیاب امیدواروں کو اگلے ڈومیسٹک کرکٹ سیزن کے لیے پی سی بی ویمن پینل آف امپائرز میں شامل کیا جائے گا جس سے وہ ریجن/ڈسٹرکٹ اور کلب کی سطح کے میچوں میں امپائرنگ کر سکیں گی۔