ق لیگ کا مسلم لیگ ن کےساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ نہ کرنے کا فیصلہ

01-12-2024

(لاہور نیوز) پاکستان مسلم لیگ ق نے مسلم لیگ ن کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

 پاکستان مسلم لیگ ق کے صدر چودھری شجاعت حسین کی زیر صدارت پارٹی کا ہنگامی اجلاس ہوا جس میں انتخابی تیاریوں اور سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔ اجلاس کے بعد پارٹی ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ق نے ہمیشہ پاکستان اور عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنا کردار ادا کیا ہے اور کرتے رہیں گے، صرف اپنی ذات کی حد تک مسلم لیگ ن کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ قبول نہیں۔ ترجمان نے کہا کہ ہمارے دیگر امیدواروں کے مقابلے میں نون لیگ نے اپنے امیدواروں کو ٹکٹ جاری کر دیئے ہیں،  ہم اپنے امیدواروں کو دوہرے معیار کی نذر نہیں ہونے دیں گے اور نون لیگ سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ نہیں کریں گے۔ اس حوالے سے چودھری سالک حسین کا کہنا تھا کہ ن لیگ نے گجرات سے بھی میرے اور میرے بھائی چودھری شافع حسین کے خلاف اپنے نامزد کردہ امیدواروں کو ٹکٹیں جاری کردیں، ہم نے جن امیدواروں سے عہد کیا وہ ہمارے ساتھ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر ن لیگ ان کا مقابلہ کرے گی تو ہم بھی اپنے ساتھیوں کے ساتھ اسی صف میں کھڑے ہونے کو ترجیح دیں گے،ہم بنا سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے مقابلے کے لیےتیار ہیں۔