لاہور ہائیکورٹ کا ہوٹلوں اور پلازوں کی چھتوں پر پودے لگانے کا حکم

01-12-2024

(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے سموگ پر قابو پانے کے لیے ہوٹلوں اور پلازوں کی چھتوں پر پودے لگانے کا حکم دے دیا۔

لاہور ہائیکورٹ میں سموگ کے تدارک کے لیے دائر درخواستوں پر سماعت ہوئی، جسٹس شاہد کریم نے شہری ہارون فاروق سمیت دیگر کی درخواستوں پر سماعت کی۔ دوران سماعت عدالت عالیہ نے ہوٹلوں اور پلازوں کی چھتوں پر پودے لگانے کا حکم دیتے ہوئے محکمہ ماحولیات اور پی ایچ اے کو مل کر لائحہ عمل طے کرنے کی ہدایت کردی۔ سرکاری وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ چین سے ماحولیات کا وفد پاکستان آرہا ہے جس پر  عدالت نے ایڈووکیٹ  جنرل پنجاب کو چین کے ماحولیات کے وفد سے جوڈیشل واٹر کمیشن کے ممبران کی ملاقات کرانے کی ہدایت کردی۔  دوران سماعت جسٹس شاہد کریم نے ایس پی ٹریفک سے استفسار کیا کہ کیا کم عمر ڈرائیورز پر مقدمات درج ہورہے ہیں؟ جس پر ایس پی ٹریفک نے جواب دیا کہ پہلے مقدمات درج کررہے تھے اب مقدمات درج نہیں ہو رہے۔ عدالت نے  ریمارکس میں کہا کہ اگر آپ مقدمات درج کررہے ہوں تو یہ افسوسناک بات ہے،آپ جرمانہ بڑھا دیں مقدمات درج کرنا زیادتی ہے۔ بعدازاں  عدالت نے سموگ کے تدارک سے متعلق درخواستوں پر مزید  سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کردی۔