قومی ٹیم کی قیادت کرنا اعزاز مگر پھولوں کا بستر نہیں: شاہد آفریدی

01-12-2024

(ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستان ٹیم کی قیادت کرنا اعزاز کی بات ہے مگر یہ پھولوں کا بستر نہیں ہے۔

سوشل میڈیا پر شاہد آفریدی  کا ایک ویڈیو کلپ وائرل ہورہا ہے جس میں میزبان کی جانب سے سابق کرکٹر سے سوال کیا گیا کہ  پاکستان ٹیم کی قیادت کا تجربہ کیسا ہے؟ سوال کے جواب میں شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ  پاکستان ٹیم کی قیادت کرنا ایک بڑے اعزاز کی بات ہے ، میں ہمیشہ کہتا ہوں کہ پاکستان ٹیم کی قیادت کرنا آسان نہیں ہے یہ پھولوں کا بستر نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ  اگر ٹیم پرفارمنس نہ دے یا پھر کچھ بھی ہو تو تمام تر ذمہ داری کپتان پر ڈالی جاتی ہے، اسی لیے میں کہتا ہوں کہ ایک کپتان کی ذمہ داریاں زیادہ ہیں، میڈیا ،سلیکشن کمیٹی ، بورڈ اور شائقین کرکٹ سب کو ایک کپتان ہی فیس کررہا ہوتا ہے۔ سابق کپتان کا مزید کہنا تھا کہ اگرچہ یہ ساری چیزیں لے کر  چلنا مشکل ہے لیکن اگر آپ ایک اچھی مینجمنٹ لے کر چلیں تو یہ ساری ذمہ داریاں بہت اچھے طریقے سے نبھا سکتے ہیں،  یہ ایک ایسی جگہ ہے جہاں آپ کو انصاف کرنا پڑتا ہے جو لڑکے ڈومیسٹک میں اچھا پرفارم کریں بطور کپتان آپ نے ان کو موقع دینا ہوتا ہے۔