انتخابات 8 فروری کو ہی ہونگے : مرتضیٰ سولنگی

01-11-2024

(ویب ڈیسک) نگران وفاقی وزیرِ اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ انتخابات 8 فروری کو ہی ہونگے ،الیکشن کمیشن اپنے مؤقف پر کھڑا ہے۔

ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو سہولتوں کی فراہمی نگران حکومت کی ذمے داری ہے، ووٹرز کی لائنیں نظر آئیں گی،سکیورٹی کے مسائل حقیقی ہیں اور ہمیں ان کا ادراک ہے انہیں بہتر کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سوال اٹھانے پر کوئی پابندی نہیں، ملک کے مستقبل پر سیاست نہیں ہونی چاہئے ،کوئی کہتا ہے مفت بجلی اور تعلیم دوں گا،کوئی کہتا ہے تنخواہیں بڑھا دوں گا، چیپ ٹاک ہمارے مسائل کا حل نہیں۔ مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ سیاسی جماعتیں ایسے وعدے اور منشور نہ پیش کریں جس پر عمل ہی نہیں کرنا۔ انہوں نے کہا کہ نگران حکومت آئینی اور قانونی حکومت ہے، آزادانہ، منصفانہ، غیر جانبدارانہ اور شفاف انتخابات کرانے کی ذمے داری الیکشن کمیشن کی ہے، الیکشن کمیشن کی مالی، انتظامی اور سکیورٹی ضروریات پوری کرنے کے آئینی طور پر پابند ہیں۔