میٹرو بس ٹریک کی مرمت کا آغاز، آپریشن کلمہ چوک سے گجومتہ تک چلے گا

01-11-2024

(لاہور نیوز) میٹرو بس ٹریک کی مرمت اور بحالی کا آغاز کر دیا گیا۔ سروس کو جزوی طور پر بند کیا جائے گا۔

گزشتہ رات سے میٹرو بس سروس کو جزوی طور پر بند رکھنے کا فیصلہ کر لیا گیا تھا۔ تاحکم ثانی میٹرو بس آپریشن کلمہ چوک سے گجومتہ تک چلے گا۔ رات 8:30 کے بعد میٹرو بس آپریشن کلمہ چوک سے شاہدرہ تک معطل رہے گا۔ میٹرو ٹریک کی حالت زار ہونا بھی بس کے حادثات کی بڑی وجہ بن گیا۔ سٹیشنز کے جنگلے، بیریئر، الیکٹریکل سامان کی ٹوٹ پھوٹ اور خرابی کا انکشاف ہوا ہے۔ میٹرو بس ٹریک پر بھی گزشتہ ایک دہائی سے کارپٹنگ نہ کی گئی۔ شاہدرہ سے گجومتہ تک ٹریک کی کارپٹنگ نہ ہونے سے بھی بسوں کے حادثات رونما ہو رہے ہیں۔ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے میٹرو بس کی مرمت اور بحالی کے لئے ایل ڈی اے کا سہارا لے لیا۔ ٹریک، سٹیشنز اور جنگلوں کی مرمت کا کام ایل ڈی اے کرے گا۔ میٹرو بس کے کینال سٹیشن سے نیازی سٹیشن تک ٹریک کی مرمت کا کام کیا جائے گا۔ ایل ڈی اے نے 33 کروڑ 20 لاکھ روپے کا پی سی ون تیار کر لیا۔ ٹریک پر کارپٹنگ کا کام تین ماہ کے عرصہ میں مکمل کیا جائے گا۔ کارپٹنگ کے دوران میٹرو بس کو جزوی طور پر بند بھی رکھا جائے گا۔