اردو کے مایہ ناز شاعر ابن انشاء کی آج 46 ویں برسی منائی جا رہی ہے

01-11-2024

(لاہور نیوز) انشا جی اٹھو اب کوچ کرو،،،،، اردو کے مایہ ناز شاعر اور مزاح نگار ابن انشا کی آج 46 ویں برسی منائی جا رہی ہے۔

ابن انشاء 15جون 1927ء کو جالندھر میں پیدا ہوئے، ان کا اصل نام شیر محمد خان تھا، ابن انشاء نے اپنی شاعری اور مزاح سے عوام میں مقبولیت پائی۔ ابن انشا نے اردو ادب کیلئے سفر نامے، ترجمے اور شاعری پر مبنی تصانیف کا وسیع ذخیرہ چھوڑا جن میں چاند نگر، اردو کی آخری کتاب، چلتے ہو تو چین کو چلیے، دنیا گول ہے قابل ذکر ہیں، ان کے لفظوں میں رومان، نثر میں عصر حاضر کا شعور تھا۔ ہم کسی در پر نہ ٹھہرے نہ کہیں دستک دیسینکڑوں در تھے میری جان تیرے در سے پہلے ابن انشا نگر نگر گھومے جس کا احوال اپنے مخصوص طنزیہ و فکاہیہ انداز میں سفر ناموں میں تحریر کیا، ان کو صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے نوازا گیا، ابن انشا 11 جنوری 1978ء کو انتقال کر گئے تاہم ان کی نظم و نثر سے آج بھی محبت کرنے والوں کے دل مہک رہے ہیں۔