نمونیا کیسز میں اضافہ: نرسری و پلے گروپ کی کلاسز کیلئے 7 روز کی تعطیلات

01-10-2024

(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے صوبہ بھر میں نمونیا کیسز میں اضافے کے پیش نظر نرسری اور پلے گروپ کی کلاسز کیلئے 7 روز کی تعطیل کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب میں یکم جنوری سے 36 بچے نمونیا سے جاں بحق ہو چکے ہیں، چلڈرن ہسپتال میں 10 میں سے 8 بچے نمونیا کے مرض میں مبتلا ہیں۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے پنجاب میں بچوں میں نموینا کے کیسز میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا ہے، محسن نقوی نے چلڈرن ہسپتال کا ہنگامی دورہ کیا اور اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کی جس میں لاہور کے تمام ہسپتالوں کے پیڈز ہیڈز شریک ہوئے۔ اجلاس میں نمونیا سے بچاؤ اور احتیاطی تدابیر کے بارے طویل مشاورت  اور اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔ نمونیا کیسز میں اضافے کے باعث پنجاب بھر کے سکولوں میں 31 جنوری تک صبح کی اسمبلی پر پابندی عائد کردی گئی جبکہ کلاس ون سے نیچے نرسری و پلے گروپ کی کلاسز کے لئے 7 روز کی تعطیلات کا اعلان کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ بچے ماسک کا استعمال کریں اور ہاتھ دھوئیں،گرم کپڑوں کا استعمال کیا جائے، سردی میں اضافہ کے ساتھ وائرل نمونیا خصوصاً بچوں میں مرض بڑھ رہا ہے، جو بچہ نمونیا میں مبتلا ہو اسے سکول آنے سے روکا جائے۔ محسن نقوی نے مزید کہا کہ بچوں اور بڑوں کو نمونیا سے بچاؤ کی ویکسین لگائی جائے، سوشل اور قومی میڈیا  نمونیا سے متعلق آگاہی کیلئے اقدامات کیے جائیں۔