ماسکو میں پیدا ہوئی مگر شادی پاکستان میں کروں گی: سبینہ سید
01-10-2024
(ویب ڈیسک) پاکستان شوبز انڈسٹری کی ابھرتی ہوئی اداکارہ سبینہ سید کا کہنا ہے کہ وہ ماسکو میں پیدا ہوئیں اور گھر میں رشین زبان میں گفتگو کرتی ہیں۔
نجی ٹی وی کے ڈرامہ سیریل ’میں‘ میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی اداکارہ سبینہ سید نے مزاحیہ شو میں نجی زندگی سے متعلق اظہار خیال کیا۔ سبینہ سید نے بتایا کہ میری والدہ رشین ہیں اور میں ماسکو میں پیدا ہوئی تھی۔ میزبان نے پوچھا کہ آپ کو رشین زبان آتی ہے؟ سبینہ سید نے بتایا کہ رشین آتی ہے اور ہم لوگ گھر پر رشین میں ہی بات کرتے ہیں، والد بھی رشین زبان جانتے ہیں۔ اداکارہ نے رشین زبان میں یہ بھی بول کر دکھایا کہ ’آپ کی آنکھوں میں مجھے محبت نظر آرہی ہے۔‘ سبینہ سید نے بتایا کہ رشین زبان بالکل پشتو جیسی لگتی ہے، دوستوں کے کہنے پر انہیں رشین سکھائی لیکن انہیں سمجھ نہیں آئی اور انہوں نے ہار مان لی۔ مداح نے سوال کیا کہ الیکشن ہونے والے ہیں آپ کس جماعت کو ووٹ دیں گی، پروگرام میں شریک اداکار خاقان شاہنواز نے مسکراتے ہوئے کہا کہ یہ ولادیمیر پیوٹن کو سپورٹ کرتی ہیں۔‘ اداکارہ نے بتایا کہ روس کم جاتی ہوں پاکستان میں زیادہ رہتی ہوں اور شادی بھی یہیں کروں گی۔ سبینہ سید نے بتایا کہ ’ایسے شخص سے شادی کروں گی جو ایماندار، محبت کرنے والا خاندانی شخص ہو، تعلیم یافتہ، دکھنے میں بھی اچھا ہونا چاہیے۔ واضح رہے کہ ڈرامہ سیریل ’میں‘ میں سبینہ سید ’کشمالہ‘ کا کردار نبھا رہی ہیں، مرکزی کاسٹ میں وہاج علی، عائزہ خان، ازیکا ڈینئل شامل ہیں۔