آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ: بابراعظم کی 2 درجہ تنزلی

01-10-2024

(ویب ڈیسک) سابق بھارتی کپتان ویرات کوہلی آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں تین درجے ترقی پاکر چھٹے نمبر پر آگئے، بابراعظم کی خراب فارم کے باعث دو درجہ تنزلی ہوگئی۔

آئی سی سی کی تازہ ٹیسٹ بیٹرز کی رینکنگ کے مطابق نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن 864 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر قابض ہیں جبکہ انگلینڈ کے جو روٹ 859 پوائنٹس کے ہمراہ دوسری پوزیشن پر موجود ہیں۔ پاکستان کیخلاف تین ٹیسٹ میچوں میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کرنے والے اسٹیو اسمتھ اور مارنوس لبوشین بالترتیب تیسری اور چوتھی پوزیشن پر موجود ہیں، اسی طرح ویرات کوہلی جنوبی افریقہ کیخلاف رنز اُگل کر چھٹی پوزیشن پر آگئے ہیں انہوں نے بابراعظم کو پیچھے دھکیل دیا جو 768 ریٹنگ پوائنٹس کیساتھ 8ویں پوزیشن پر چلے گئے ہیں۔ سڈنی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں محمد رضوان کی شاندار 88 رنز کی اننگز نے ان کے لیے 10 درجے کی نمایاں چھلانگ لگائی اور 668 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ 17ویں رینک حاصل کی جبکہ سعود شکیل 693 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ 14ویں نمبر پر چلے گئے۔ دوسری جانب بالنگ کے شعبے میں عامر جمال نے ڈیبیو سیریز میں ہی شاندار کھیل کا مظاہرہ کرکے 12 درجے ترقی حاصل کی اور وہ کیرئیر بیسٹ 45 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ شاہین آفریدی 733 پوائنٹس کے ساتھ 12ویں نمبر پر موجود ہیں۔