ن لیگ کا 15 جنوری سے انتخابی مہم شروع کرنے کا اعلان

01-10-2024

(ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن نے 15 جنوری سے انتخابی مہم شروع کرنے کا اعلان کردیا۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے صدر مسلم لیگ ن پنجاب رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ  مریم نواز اور شہبازشریف 15جنوری سے انتخابی مہم شروع کریں گے، نوازشریف 17جنوری سے جلسوں کا آغاز کریں گے، نوازشریف 15ڈویژنز میں مختلف جگہوں پر عوام سے خطاب کریں گے، مریم نواز اور شہبازشریف کا بھی پروگرام ترتیب پاگیا ہے، حمزہ شہبازلاہور کو دیکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی مہم کی قیادت نوازشریف ہی کریں گے، ہماری لیڈر شپ ڈسٹرکٹ وائس جلسوں سے خطاب کرے گی، اب ہم باقاعدہ عوام میں نظر آئیں گے۔  سیاسی جماعتوں سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ آئی پی پی کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر سیٹلمنٹ ہوچکی ہے، ہمارا ق لیگ کے ساتھ بھی سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا وعدہ تھا، ق لیگ کے ساتھ گجرات اور بہاولپور میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پارٹی ٹکٹ کے حوالے سے بہت بڑی ایکسر سائز کی ہے جس میں ایک ماہ کا وقت لگا ہے، جن لوگوں نے ٹکٹ کیلئے اپلائی کیا ان تمام لوگوں کی بات سنی اور فیصلے کیے، ہم آج شام یا کل تک لسٹ جاری کردیں گے۔ رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ جن کیسز کی کوئی بنیاد نہ ہو ان کو ختم ہی ہونا ہوتا ہے، فتنے کی حکومت کا ہم نے ساڑھے تین ،چار سال سامنا کیا، جھوٹے کیسز ختم ہونے سے کیا کوئی لاڈلہ بن جاتا ہے؟ انصاف ہر کسی کو ملنا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن واضح اکثریت سے کامیاب ہوکر ملک کو بحرانوں سے نکالے گی، صدر کا ایک آئینی عہدہ ہے ،اختیار کوئی نہیں، اس ملک کو نوازشریف کی ضرورت ہے، نوازشریف ایسے عہدے پر ہوں جس پر بیٹھ کر ملک کو بحران سے نجات دلا سکیں۔