این اے 122 سے بانی پی ٹی آئی کی اپیل مسترد، یاسمین راشد کو الیکشن لڑنے کی اجازت

01-10-2024

(لاہور نیوز) لاہور کے حلقے این اے 122 سے بانی پی ٹی آئی کو الیکشن لڑنے کی اجازت نہ مل سکی۔

لاہور ہائی کورٹ ایپلٹ ٹریبونل میں بانی پی ٹی آئی کے حلقہ این اے 122 سے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اپیل پر سماعت ہوئی، جسٹس طارق ندیم نے فیصلہ سنایا۔ ایپلٹ ٹریبونل نے بانی پی ٹی آئی  کے حلقہ این اے 122 سے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اپیل خارج کردی، گزشتہ روز جسٹس طارق ندیم نے بانی پی ٹی آئی کے کاغذاتِ نامزدگی مسترد کرنے کے خلاف اپیل پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ یاد رہے کہ 30 دسمبر کو بانی پی ٹی آئی  کے لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 122 سے کاغذات نامزدگی مسترد ہو گئے تھے۔ یاسمین راشد کی اپیل منظور دوسری جانب ایپلٹ ٹریبونل نے سابق وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کو الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی۔ لاہور ہائیکورٹ کے ایپلٹ ٹریبونل کے جج جسٹس طارق ندیم نے یاسمین راشد کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے آر او کے فیصلے کے خلاف دائر اپیل پر سماعت کی۔ الیکشن ٹریبونل نے یاسمین راشد کے کاغذات مسترد کرنے کا ریٹرننگ افسر کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا اور این اے 130 سے ان کے اپیل منظور کرتے ہوئے الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی۔