مہنگی بجلی کیساتھ اوور بلنگ کا عذاب،لیسکو صارفین تکنیکی طریقوں سے لٹنے لگے

01-10-2024

(لاہور نیوز) مہنگی بجلی کے ساتھ اوور بلنگ نے صارفین کا جینا دوبھر کردیا، سیکرٹری پاور اور نیپرا کے نوٹس بھی کام نہ آئے، لیسکو افسران اور عملہ تکنیکی طریقوں سے صارفین کو لوٹنے لگا۔

ریڈنگ میں تاخیر کے ساتھ اوور بلنگ کے بھی جھٹکے،بجلی صارفین کی مشکلات کم نہ ہوسکیں،رواں ماہ پھر ریڈنگ شیڈول پر عمل نہ ہوسکا۔  شیڈول کے مطابق پہلے بیچ کی ریڈنگ 6 جنوری کو ہونا تھی جو تاحال شروع نہ ہوسکی جبکہ دوسرے بیچ کی ریڈنگ 8 اور تیسرے کی 9 جنوری کو شیڈول ہے۔ ذرائع کے مطابق لیسکو کا عملہ جان بوجھ کر ریڈنگ تاخیر سے لیتا ہے تاکہ لاسز پورے ہوسکیں،ریڈنگ تاخیر سے لینے کے باعث لیسکو ریجن میں ایڈوانس بلنگ کا سلسلہ جاری ہے۔  لیسکو افسران نے لاسز اور ریکوری ٹارگٹ پورا کرنے کے لیے صارفین کی چیخیں نکلوا دیں، انڈسٹریل، کمرشل اور زرعی ٹیوب ویل صارفین کو ہزاروں یونٹس کے اضافی بل بھجوا دیئے گئے۔ باغبانپورہ،شاہدرہ ،رائیونڈ،  گلشن راوی، داتا دربار ڈویژنز میں اوور بلنگ کی بھرمار سے صارفین پریشان ہیں جبکہ ہزاروں صارفین کے خراب میٹرز بھی تبدیل نہ کیے  جاسکے۔